سعودی عرب کو جدید ایف 35 جنگی طیارے دینے کی راہ ہموار، امریکا نے ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی

امریکا نے سعودی عرب کو 48 جدید ایف 35 لائٹننگ ٹو جنگی طیارے فروخت کرنے کی ممکنہ منظوری دے دی ہے۔ مجوزہ دفاعی معاہدے کی مالیت 24.3 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دفاعی پیکیج میں 48 ایف 35 طیاروں کے علاوہ 49 انجن، مواصلاتی اور الیکٹرانک جنگی نظام، اسپیئر پارٹس، تربیتی سامان، سمیولیٹرز اور دیگر معاون آلات بھی شامل ہوں گے۔

تاہم اس معاہدے نے ابھی حتمی شکل اختیارنہیں کی۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ممکنہ فروخت کی منظوری کے بعد اسے مکمل کرنے کے لیے امریکی کانگریس کی منظوری بھی درکار ہوگی۔

ایف 35 لائٹننگ ٹو ایک جدید اسٹیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس لڑاکا طیارہ ہے، جسے دشمن کے ریڈار سے اپنی موجودگی چھپانے کی صلاحیت سمیت جدید جنگی اور نگرانی کے نظام کے لیے جانا جاتا ہے۔ اس وقت اسرائیل مشرق وسطیٰ کا واحد ملک ہے جو ایف 35 طیارے آپریٹ کر رہا ہے۔ سعودی عرب کو ان طیاروں کی ممکنہ فروخت خطے میں جدید فضائی جنگی صلاحیتوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

البتہ معاہدے کی حتمی منظوری اور طیاروں کی فراہمی کا عمل امریکی کانگریس کے فیصلے اور دیگر متعلقہ مراحل کی تکمیل سے مشروط ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں