بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف نے ماں بننے کے بعد اپنی زندگی، خوبصورتی اور خود کی دیکھ بھال کے بارے میں آنے والی تبدیلیوں پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ان کے لیے خوبصورت نظر آنے سے زیادہ اہم خود کو صحت مند اور بہتر محسوس کرنا ہے۔
دی ہالی ووڈ رپورٹر انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کترینہ کیف نے بتایا کہ مصروف پیشہ ورانہ زندگی کے دوران خاندان اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا انہیں ذہنی طور پر متوازن رہنے میں مدد دیتا ہے۔ ان کے مطابق مسلسل کام کرنے کی عادت کے باعث کبھی کبھار خود کو کام سے الگ کرنا اور ذہن کو آرام دینا بھی ضروری ہے۔
کترینہ نے بتایا کہ حمل کے بعد ان کی جلد پہلے سے زیادہ حساس ہوگئی، جس کے باعث انہیں اپنی اسکن کیئر روٹین اور استعمال ہونے والی مصنوعات کے انتخاب میں زیادہ احتیاط کرنا پڑی۔ انہوں نے ایسی مصنوعات کو ترجیح دی جو جلد کو سکون دیں اور اس کی قدرتی حفاظتی تہہ کو بہتر رکھنے میں مدد کریں۔
اداکارہ کے مطابق ان کے کیریئر کے ابتدائی دور میں خوبصورتی کے مخصوص معیار زیادہ نمایاں تھے، تاہم وقت کے ساتھ ان کا نقطۂ نظر تبدیل ہوا ہے۔ اب وہ ظاہری شکل کے بجائے مجموعی صحت، ذہنی سکون اور خود کی بہتر دیکھ بھال کو خوبصورتی کا اہم حصہ سمجھتی ہیں۔
کترینہ کیف نے صحت مند غذا، جسمانی سرگرمی، مراقبہ، صبح کے وقت کچھ دیر فون سے دور رہنے اور قدرتی روشنی میں وقت گزارنے کو اپنی روزمرہ عادات کا حصہ قرار دیا۔ ان کے مطابق جب انسان خود کو اندر سے صحت مند محسوس کرتا ہے تو اس کا اعتماد ظاہری شخصیت میں بھی نظر آتا ہے۔
کترینہ کیف نے نومبر 2025 میں شوہر وکی کوشل کے ساتھ اپنے بیٹے ویہان کو خوش آمدید کہا تھا۔ حالیہ دنوں میں ممبئی میں ایک عوامی تقریب میں ان کی شرکت کے بعد ان کی بعد از زچگی جسمانی تبدیلیوں پر سوشل میڈیا پر بحث بھی ہوئی، جس پر متعدد شوبز شخصیات نے ان کی حمایت کی۔