جاپان کے مشرقی ساحلی علاقوں کی طرف طاقتور ٹائفون دوجوان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس کے پیشِ نظر ٹوکیو سمیت کانتو، ایزو جزائر، توکائی اور توہوکو کے علاقوں میں شدید بارش، تیز ہواؤں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
جاپان کے محکمۂ موسمیات کے مطابق پیر کی دوپہر ٹوکیو اور اس کے گرد و نواح میں بارش اور ہواؤں کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ چِبا پریفیکچر کے کئی شہروں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے لیے خطرے کی سطح 4 جاری کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے منگل کی صبح تک 24 گھنٹوں میں توکائی میں 350 ملی میٹر، کانتو اور ایزو جزائر میں 300 ملی میٹر اور توہوکو میں 200 ملی میٹر تک بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ایزو اوشیما جزیرے میں پیر کی صبح تک 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 387.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہو چکی ہے، جبکہ چِبا کے علاقے کمیتسو میں 283.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔
خراب موسم کے باعث سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور بعض ریل سروسز معطل یا محدود ہیں۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سیلابی علاقوں، دریا کے کناروں، نشیبی مقامات اور پہاڑی ڈھلوانوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
انتظامیہ نے لینڈ سلائیڈنگ، نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے، دریاؤں میں طغیانی اور بلند سمندری لہروں سے خبردار کیا ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر علاقہ چھوڑنے کے لیے تیار رہیں۔