ٹرمپ کا ڈنمارک اور گرین لینڈ سے معاہدے کا اعلان، سیکیورٹی پر مستقل امریکی کنٹرول کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ ایک معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے تحت امریکا کو گرین لینڈ کی سیکیورٹی اور دفاع سے متعلق امور پر مستقل کنٹرول حاصل ہوگا۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ معاہدے کے تحت امریکا کو گرین لینڈ اور اپنی سیکیورٹی کے تحفظ اور دفاع کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہوگی، جبکہ اس معاہدے کے لیے امریکا کو کسی قسم کے اخراجات برداشت نہیں کرنا پڑیں گے۔

امریکی صدر کے مطابق کسی بھی مخالف ملک کو امریکا کی واضح تحریری منظوری کے بغیر گرین لینڈ میں فوجی اڈہ قائم کرنے، فوجی موجودگی رکھنے یا حساس نوعیت کی سرمایہ کاری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا گرین لینڈ کے موزوں علاقوں میں بڑی فوجی موجودگی قائم کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کرے گا اور اس سلسلے میں گرین لینڈ کے عوام کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ کی اسٹریٹجک اہمیت سے سابق امریکی صدور بھی واقف رہے ہیں، تاہم ان کے بقول کسی بھی سابق صدر نے اس معاملے کو مستقل طور پر حل نہیں کیا۔ امریکی صدر نے اس معاہدے کو امریکا، ڈنمارک، گرین لینڈ اور ان کے اتحادیوں کے لیے اہم قرار دیا۔

تاہم غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، ٹرمپ کی جانب سے معاہدے کے اعلان کے باوجود ڈنمارک اور گرین لینڈ کی حکومتوں نے اس کی تفصیلات کی فوری طور پر عوامی سطح پر تصدیق نہیں کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں