بھارت میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے شائقین کے لیے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچ دیکھنا مزید مہنگا ہوگیا ہے۔ بھارتی حکومت نے آئی پی ایل ٹکٹوں پر لگنے والا گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) 28 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کر دیا ہے۔ اس اضافے کے بعد ایک ہزار روپے کے بنیادی نرخ والے ٹکٹ کی قیمت ٹیکس سمیت 1280 روپے سے بڑھ کر 1400 روپے ہو جائے گی۔
یہ اضافہ آئی پی ایل کو بھارت کی سب سے بلند ترین جی ایس ٹی کیٹگری میں لے آیا ہے، جہاں اس سے پہلے صرف کیسینو اور ریس کلب شامل تھے۔
تاہم، بین الاقوامی کرکٹ میچ دیکھنے والوں کے لیے کچھ ریلیف سامنے آیا ہے۔ پہلے ان میچوں کے ٹکٹوں پر بھی 28 فیصد جی ایس ٹی عائد تھا، لیکن اب یہ شرح ختم کر دی گئی ہے۔ پریس انفارمیشن بیورو کے تازہ ترین سرکلر میں صرف آئی پی ایل جیسے سپورٹنگ ایونٹس پر ٹیکس میں اضافے کا ذکر ہے، جسے مالیاتی ماہرین نے اس بات کی نشاندہی کے طور پر لیا ہے کہ دیگر کرکٹ میچ اب “ریکگنائزڈ سپورٹنگ ایونٹس’ کی فہرست میں آئیں گے۔
اس وقت تسلیم شدہ سپورٹنگ ایونٹس پر 500 روپے سے زائد قیمت والے ٹکٹوں پر 18 فیصد جی ایس ٹی لاگو ہوتا ہے جبکہ 500 روپے سے کم قیمت والے ٹکٹ ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں۔ اس حساب سے بین الاقوامی میچوں یا ریاستی سطح کی لیگز کے ٹکٹ اب سستے ہو سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، اگر کسی بین الاقوامی میچ کے ٹکٹ کی بنیادی قیمت 1000 روپے ہے تو پہلے ٹیکس کے بعد یہ 1280 روپے کا پڑتا تھا، لیکن نئی شرح کے مطابق یہ قیمت کم ہو کر 1180 روپے رہ جائے گی۔
یہ تبدیلیاں 22 ستمبر سے نافذ ہوں گی، یعنی خواتین کے ورلڈ کپ کے آغاز سے ایک ہفتہ قبل، جو بھارت میں اگلا بڑا بین الاقوامی ایونٹ ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے ٹکٹوں کی فروخت ابھی شروع نہیں ہوئی، تاہم 30 اگست کو آئی سی سی نے شائقین سے “رجسٹر یور انٹرسٹ” کرنے کی اپیل کی تھی تاکہ انہیں بروقت خبریں اور ٹکٹوں سے متعلق معلومات فراہم کی جا سکیں۔