بحریہ ٹاؤن پراپرٹیز نیلامی کیس میں چیف جسٹس آف پاکستان،یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے سماعت سے انکار کر دیا۔
بدھ کے روز سماعت کے دوران تین رکنی بینچ نے معاملہ دوبارہ پرانے بینچ کو بھیج دیا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ، بہتر ہوگا یہ کیس پرانا بینچ ہی سنے۔
سماعت کے دوران بحریہ ٹاؤن کے وکیل نے بتایا کہ، اسلام آباد ہائی کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آ چکا ہے اور وہ اپنے مؤکل کی جانب سے اس فیصلے پر اضافی معروضات جمع کرانا چاہتے ہیں۔ عدالت نے اضافی معروضات جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ، اس سے قبل جسٹس امین الدین کی سربراہی میں تین رکنی بینچ یہ مقدمہ سن رہا تھا۔ اس بینچ نے بحریہ ٹاؤن کے اثاثوں کی نیلامی روکنے سے متعلق فوری حکم امتناع دینے سے انکار کرتے ہوئے ہدایت دی تھی کہ، متفرق درخواستوں کے بجائے اصل کیس عدالت میں پیش کیا جائے۔