سندھ میں ممکنہ سیلاب کا خدشہ، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی ہنگامی ہدایات

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دریائے سندھ میں منگل اور بدھ کی رات متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظر مقرر وزرا اور متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے اور انہیں فوری اقدامات کی ہدایت دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دریا کے دائیں اور بائیں کناروں کے بندوں اور نہری نظام کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

اس موقع پر وزیر آبپاشی جام خان شورو نے وزیراعلیٰ کو دریائی صورتحال پر بریفنگ دی۔ ان کے مطابق گڈو بیراج پر دوپہر 12 بجے اپ اسٹریم پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 83 ہزار 299 اور ڈاؤن اسٹریم 3 لاکھ 50 ہزار 943 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ سکھر بیراج پر اپ اسٹریم 3 لاکھ 13 ہزار اور ڈاؤن اسٹریم 2 لاکھ 59 ہزار 50 کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پر اپ اسٹریم 2 لاکھ 64 ہزار 131 اور ڈاؤن اسٹریم 2 لاکھ 33 ہزار 216 کیوسک رہا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بیراجوں کی موجودہ صورتحال اطمینان بخش ہے اور تمام حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے اور ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں فعال رہیں اور صوبائی وزرا براہِ راست اقدامات کی نگرانی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیراجوں اور بندوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور کچے کے علاقوں میں رہنے والے افراد انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ ان کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں