ممبئی: بھارت کے مشہور فلمی اداکار سلمان خان کو ایک بار پھر جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ایک نامعلوم شخص نے ممبئی کے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے واٹس ایپ نمبر پر ایک خطرناک پیغام بھیجا۔اس میں بتایا گیا کہ سلمان خان کو مار دیا جائے گا اور ان کی گاڑی کو بم سے اُڑا دیا جائے گا۔
یہ پیغام موصول ہوتے ہی پولیس حرکت میں آئی اور پولیس اسٹیشن میں نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ یہ پیغام کس نے اور کہاں سے بھیجا۔سلمان خان کو پہلے بھی کئی بار اس طرح کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔
ان کا ایک جرائم پیشہ شخص لارنس بشنوئی سے جھگڑا چل رہا ہے۔ پچھلے سال اس گینگ کے لوگوں نے سلمان خان کے قریبی دوست بابا صدیقی کو قتل کر دیا تھا۔
گزشتہ سال سلمان خان کے گھر کے باہر بھی فائرنگ ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنے گھر کو بلٹ پروف کروا لیا تھا اور سیکیورٹی سخت کر دی گئی تھی۔
اب اس نئی دھمکی کے بعد پولیس ایک بار پھر محتاط ہو گئی ہے، اور سلمان خان کی حفاظت کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔