پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے، پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے چھٹے سلسلے کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ، پانچ اگست سے صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق، متوقع بارشوں کے نتیجے میں پانچ اگست سے دریائے چناب اور دریائے جہلم میں درمیانے سے بلند درجے کے سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
محکمے کے مطابق، بارشوں کی یہ لہر مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد سمیت لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ اور راجن پور کے اضلاع کو متاثر کر سکتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تمام متعلقہ اداروں کو پہلے ہی الرٹ کر دیا گیا ہے، تاکہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق، رواں ماہ اگست میں مون سون بارشوں کی شدت گزشتہ مہینے کی نسبت زیادہ ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث بالخصوص مری اور گلیات کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جبکہ کچے مکانات اور خستہ حال عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ، وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط برتیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ، شہری سیلابی صورتِ حال یا فلیش فلڈنگ کی صورت میں محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، بہتے پانی میں گاڑی نہ چلائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔