پنجاب حکومت کے مطابق صوبے بھر میں سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک چار لاکھ سے زائد شہریوں کو متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے سربراہ عرفان علی کاٹھیا نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ سیلاب سے مجموعی طور پر ساڑھے 14 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ ان کے مطابق سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے چار لاکھ انتیس ہزار افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے سربراہ نے مزید بتایا کہ صوبے بھر میں 365 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جن میں اس وقت چار ہزار متاثرین موجود ہیں۔ سیلاب کے باعث پنجاب کے 1769 دیہات زیر آب آ گئے ہیں اور خطرہ اُس وقت تک برقرار رہے گا جب تک پانی سندھ میں داخل نہیں ہو جاتا۔
ان کے مطابق اب تک متاثرہ علاقوں سے تین لاکھ سے زائد مال مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔