پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فوری امدادی اقدامات کے لیے فوج طلب کر لی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق، حافظ آباد میں امدادی سرگرمیوں کے لیے فوج کو طلب کیا گیا ہے، جبکہ اس سے قبل لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، اوکاڑہ اور سرگودھا میں بھی ضلعی انتظامیہ کی معاونت کے لیے فوجی دستے تعینات کیے جا چکے ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی امداد اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے یہ اقدام بروقت اٹھایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو، سول ڈیفنس اور پولیس پہلے ہی فرنٹ لائن پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر آرمی ایوی ایشن اور دیگر وسائل بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق، ان آٹھوں اضلاع میں فوجی دستوں کی تعداد ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے طے کی جا رہی ہے اور حکومت پنجاب کے تمام متعلقہ ادارے سیلابی صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کر رہے ہیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات بروقت اٹھائے جا رہے ہیں۔