توہینِ مذہب کمیشن کی تشکیل کا عدالتی فیصلہ چیلنج، این سی سی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی) نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کرتے ہوئے توہینِ مذہب کے الزامات کی تحقیقات کے لیے عدالتی حکم پر بننے والے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی تشکیل کو چیلنج کر دیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ، توہینِ مذہب سے متعلق متعدد کیسز اس وقت ٹرائل کورٹ میں زیرِ سماعت ہیں، اور اس تناظر میں کمیشن کا قیام ان مقدمات کے عدالتی فیصلوں پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے 15 جولائی کو وفاقی حکومت کو ہدایت کی تھی کہ، وہ 30 دن کے اندر ایسا کمیشن قائم کرے جو توہینِ مذہب کے قوانین کے ممکنہ غلط استعمال کا جائزہ لے۔

تاہم، این سی سی آئی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ، وہ ایک غیر جانبدار ریاستی ادارہ ہے اور سوشل میڈیا پر شائع مواد کے حوالے سے مقدمہ درج کرنے سے قبل ڈیجیٹل شواہد کی تصدیق کرتا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ، کمیشن کی تشکیل سے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے اور عدالت نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ، سپیشل برانچ کی 2024 کی ایک رپورٹ میں بعض وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے افسران پر الزام لگایا گیا تھا کہ، وہ ایسے معاملات میں ملوث ہیں، لیکن جب ان الزامات کے ثبوت طلب کیے گئے تو سپیشل برانچ انہیں پیش کرنے میں ناکام رہی۔

یاد رہے کہ، 100 سے زائد درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ، ان کے رشتہ داروں پر توہینِ مذہب کے مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں اکثر سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر قابلِ اعتراض مواد شیئر کرنے کا الزام شامل ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ، ایک مبینہ گروہ نے ان کے رشتہ داروں کو ‘ہنی ٹریپ’ کے ذریعے اس مواد کی اشاعت پر مجبور کیا۔

اس کمیشن کے قیام کے خلاف یہ پہلی قانونی کارروائی نہیں، اس سے قبل بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے کمیشن کی تشکیل کے فیصلے پر عمل درآمد روک دیا تھا۔

این سی سی آئی کی حالیہ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ، 15 جولائی کے فیصلے کو معطل کیا جائے، تاکہ عدالتی کارروائیوں پر غیر ضروری اثرات نہ پڑیں۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں