پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے جمعرات کو امریکی سفیر نٹالی اے بیکر سے ملاقات کی جس مین خطے کی تازہ صورتحال اور اسلام آباد میں ایران -مریکا مذاکرات کے دوسرے دور کے انعقاد پر تبادلۂ خیال کیاگیا۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق، محسن نقوی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی درخواست پر ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ مستقل حل کے لیے سفارتی رابطوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔
ملاقات کے دوران انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایران کی جانب سے مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اس معاملے کے حل کے لیے ہر سطح پر بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے ثالثی کوششیں کر رہا ہے۔
واضح رہے، گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ جمعے کے روز ایران کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور کا امکان ہے۔