بنگلادیش نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ایران کو ہنگامی طبی امداد بھجوا دی

وزیرِ اعظم طارق رحمان کی ہدایت پر بنگلہ دیش نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ایران کو ہنگامی طبی امداد بھجوا دی ہے۔

ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق، وزارتِ خارجہ نے یہ امداد دارالحکومت ڈھاکہ میں واقع ایرانی سفارت خانے میں ایرانی سفیر جلیل رحیمی جہان آبادی کے حوالے کی ہے۔امدادی سامان بنگلہ دیش ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے ذریعے ایران پہنچایا جائے گا، جسے خطے میں جاری بحران کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ایک تقریب کا انقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران بنگلہ دیش ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کبیر ایم اشرف عالم، وزارتِ خارجہ کے سیکرٹری ڈاکٹر محمد نذر الاسلام اور ویسٹ ایشیا ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل موجود تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 6 اپریل کو وزیرِ اعظم نے ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کو ایک کروڑ ٹکا عطیہ کیا تھا تاکہ ایران میں متاثرہ افراد کے لیے ہنگامی ادویات اور طبی سامان خریدا جا سکے۔

وزارتِ خارجہ کے حکام نے تقریب میں مشرقِ وسطیٰ میں جانی و مالی نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحران کا حل صرف سفارتی کوششوں سے ممکن ہے۔

ایرانی سفیر نے بنگلہ دیش حکومت اور وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو سراہا۔

ریڈ کریسنٹ کے نمائندوں نے کہا کہ ادارہ دنیا بھر میں انسانی بحران کے دوران امداد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ایران کے عوام کی مدد انسانی ذمہ داری کا حصہ ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں