لکی مروت: دھماکے میں 5 بچے جاں بحق، 13 زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے گاؤں سربند میں ہفتے کے روز ہونے والے ایک افسوسناک دھماکے میں پانچ بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ تیرہ زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بچوں کو ایک آر پی جی 7 کا غیر پھٹا گولہ ملا، جس سے کھیلنے کے دوران دھماکہ ہو گیا۔

واقعے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ زخمیوں کو قریبی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے پانچ شدید زخمی بچوں کو بنوں ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ ایک بچے کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا، جبکہ باقی متاثرین تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

اس سے ایک روز قبل، سربند کے علاقے شیخ خیلہ میں بھی ایک مکان پر گولہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو خواتین زخمی ہوئی تھیں۔

پولیس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بچوں کو گاؤں میں آر پی جی گولہ ملا، جسے وہ کھلونا سمجھ کر کھیلنے لگے اور اسی دوران یہ سانحہ پیش آیا۔

دھماکے کے بعد سٹی ہسپتال لکی مروت میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ انتظامیہ نے تمام عملے کو فوری طور پر ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی۔

مقامی امن جرگہ کے رکن اور سماجی رہنما نصیر تراب خان نے ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مروت قوم کے رہنما متاثرہ گاؤں کا دورہ کریں گے، حالات کا جائزہ لیں گے اور بعد ازاں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں