گورنر ہاؤس لاہور کے تاریخی دربار ہال میں پریس کونسل آف پاکستان اور یونیفائیڈ میڈیا کلب کے زیر اہتمام صحافی سلمان غنی اورنصراللہ ملک کے اعزاز میں خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔گورنر پنجاب سلیم حیدر خان پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئےجبکہ میڈیا شعبہ سے وابستہ کئی افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
پروگرام کا مقصد حال میں تمغہ امتیاز اور ستارہ امتیاز حاصل کرنے والے صحافی سلمان غنی اور نصر اللہ ملک کو خراج تحسین بھی پیش کرنا تھا، وہیں فیک نیوز سے نمٹنے کے لیے صحافیوں اور اکیڈیمیا کے درمیان ہم آہنگی بھی پیدا کرنا تھا۔
گورنر پنجاب نے تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں فیک نیوز جیسے سنگین مسئلے میں اضافہ ہوا ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کےلیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ میں بذات خود کئی بار فیک نیوز کا شکار ہوا ہوں۔
چیئرمین پریس کونسل ارشد خان جدون نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا فیک نیوز کے تدارک کے لیے متحرک ہے۔ ہم جامعات میں اس حوالے کانفرنسز کاانعقاد کر کے طلبہ میں اس حوالے سے شعور اجاگر کر رہے ہیں۔
صحافی سلمان غنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیک نیوز کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ پراجیکٹ کی شکل میں ہم پر مسلط کیا گیا ہے۔صحافت مادر پدر آزاد نہیں ہے، ہمیں اسے قومی مفاد کے ساتھ مشروط کرنا چاہیے۔
صحافی نصراللہ ملک بولے کہ بحثیت مجموعی ہم جھوٹ بولنے کے عادی ہوچکے ہیں۔ہمارے معاشرے کے بنیادی اکائیوں میں اصلاح کی گنجائش موجود ہے۔
پروگرام کے اختتام پر گورنر پنجاب نے صحافیوں میں شیلڈ تقسیم کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔