سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ صوبے میں سیلابی صورتحال کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 12 تک پہنچ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک بڑے ریسکیو آپریشن کے دوران ستلج، راوی اور چناب کے کناروں پر آباد بستیوں سے مجموعی طور پر ڈھائی لاکھ کے قریب افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جب کہ ان علاقوں سے تقریبا پونے دو لاکھ مویشی بھی نکال کر محفوظ جگہوں پر پہنچا دیے گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب کے مطابق تمام تر پیشگی اقدامات کے باوجود اب تک 12 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے اور متاثرہ افراد کے ساتھ مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر پہنچانے کا عمل ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ اضلاع میں انتظامی افسران کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ان کا کام 24 گھنٹے مرکزی فلڈ روم سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے افراد کو خوراک اور پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔