پاکستان میں رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، اس لیے پہلا روزہ 2 مارچ 2025 بروز اتوار ہوگا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین، مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ، ملک بھر میں کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ اس موقع پر ملک بھر کی زونل رویت ہلال کمیٹیوں سے بھی مشاورت کی گئی اور تمام رپورٹس کی بنیاد پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا۔
پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف علمائے کرام اور کمیٹی کے دیگر ممبران شریک ہوئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ، پاکستان کے کئی علاقوں میں مطلع ابر آلود تھا، جبکہ کچھ جگہوں پر مطلع صاف بھی رہا، تاہم کسی بھی مقام سے چاند دیکھنے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف میں منعقد ہوا، جہاں ڈی جی اوقاف خالد محمود سندھو نے اعلان کیا کہ، لاہور میں چاند نظر نہیں آیا۔ کوئٹہ میں بھی زونل کمیٹی نے تصدیق کی کہ، بلوچستان کے کسی علاقے سے چاند دیکھنے کی شہادت نہیں ملی، جبکہ اسلام آباد میں بھی مطلع ابر آلود تھا اور وہاں بھی چاند نظر آنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق، رمضان المبارک کا چاند جمعہ کو صبح 5 بج کر 45 منٹ پر پیدا ہوا تھا، لیکن اس کی عمر غروب آفتاب تک زیادہ سے زیادہ 14 گھنٹے تھی، جبکہ رویت ہلال کے لیے چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے۔ مزید برآں، چاند اور سورج کے درمیان زاویائی فاصلہ مطلوبہ 10 ڈگری کے بجائے صرف 5 ڈگری تھا، جس کے باعث چاند دیکھنے کا امکان نہ ہونے کے برابر تھا۔
پاکستان بھر میں چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ، ملک میں یکم رمضان المبارک 2 مارچ 2025 بروز اتوار کو ہوگا۔