مرزا فخرالاسلام عالمگیر پارلیمانی ووٹنگ میں کامیابی کے بعد بنگلہ دیش کے نئے صدر منتخب

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سینیئر رہنما مرزا فخرالاسلام عالمگیر بنگلہ دیش کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے پارلیمانی انتخاب میں اپوزیشن اتحاد کے امیدوار اولی احمد کو شکست دی۔

قطری خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق 78 سالہ عالمگیر نے 255 ووٹ حاصل کیے، جبکہ 84 سالہ ریٹائرڈ فوجی افسر اور لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ اولی احمد کو 88 ووٹ ملے۔ اولی احمد جماعتِ اسلامی کی قیادت میں 11 جماعتی اپوزیشن اتحاد کے امیدوار تھے۔

یہ صدارتی انتخاب سابق صدر محمد شہاب الدین کے استعفے کے بعد منعقد ہوا، جنہوں نے گزشتہ ماہ اپنی مدت مکمل ہونے سے دو سال قبل صحت کی وجوہات کی بنا پر عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

بنگلہ دیش میں صدر کا عہدہ زیادہ تر رسمی نوعیت کا ہے، تاہم صدر ملک کے سربراہ اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہوتے ہیں۔

مرزا فخرالاسلام عالمگیر 1990 کی دہائی کے آغاز میں بی این پی میں شامل ہوئے اور ملکی سیاست میں مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے۔ وہ مقامی حکومت، زراعت، ہوا بازی اور سیاحت سمیت مختلف وزارتوں کی ذمہ داریاں بھی سنبھال چکے ہیں۔

2024 میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد بی این پی دوبارہ اقتدار میں آئی اور فروری 2026 کے عام انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کی، جس کے بعد طارق رحمان وزیراعظم منتخب ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں