اداکار فواد خان کی نئی رومانوی فلم “عبیر گلال” جس میں ان کے ساتھ بھارتی اداکارہ وانی کپور مرکزی کردار میں نظر آ رہی ہیں، 12 ستمبر 2025 کو دنیا بھر میں ریلیز ہو چکی ہے۔ تاہم بھارت میں سیاسی تنازعات کے باعث فلم کی ریلیز ملتوی کر دی گئی تھی۔ اب خبریں گردش کر رہی ہیں کہ فلم کو بھارت میں 26 ستمبر کو سولو ریلیز دیا جا سکتا ہے، یعنی اس دن کوئی اور بڑی فلم سینما گھروں کی زینت نہیں بنے گی، جو “عبیر گلال” کے لیے ایک اچھا موقع ثابت ہو سکتا ہے۔
فلم کی بھارت میں ریلیز میں سب سے بڑی رکاوٹ اپریل 2025 میں پہلگام میں ہونے والا دہشت گرد حملہ تھا۔ اس واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے “آپریشن سندور” کے نام سے ایک جوابی کارروائی کی گئی، جس پر فواد خان نے شدید تنقید کرتے ہوئے اسے “شرمناک” قرار دیا۔ ان کے اس بیان پر بھارت میں شدید ردعمل دیکھنے کو ملا، اور سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مہم بھی چلائی گئی۔ کئی پاکستانی فنکاروں جیسے ماہرہ خان اور ہانیہ عامر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، اور حکومتِ بھارت نے بعض پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ملک میں بلاک بھی کر دیا۔
ان حالات کے باعث “عبیر گلال” کی بھارت میں ریلیز کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ اب جب کہ فلم دنیا کے دیگر ممالک میں کامیابی سے ریلیز ہو چکی ہے، اور شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا ہے، فلم سازوں نے اس کی بھارتی ریلیز کے بارے میں دوبارہ غور شروع کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم کی پروڈکشن ٹیم کو یقین ہے کہ فلم کی کہانی سادہ، دل کو چھو لینے والی اور ہر طبقے کے ناظرین کے لیے موزوں ہے، اس لیے یہ بھارت میں بھی اچھی کارکردگی دکھا سکتی ہے۔
فواد خان کی اس فلم کو بھارت میں ریلیز کرنے کے لیے 26 ستمبر کی تاریخ زیر غور ہے، کیونکہ اس دن سینما گھروں میں کسی اور بڑی فلم کا شیڈول نہیں۔ اس سے “عبیر گلال” کو مکمل توجہ مل سکتی ہے، تاہم ابھی تک فلم کے پروڈیوسرز، ہدایت کار یا اداکاروں کی طرف سے اس خبر کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔ شائقین کو اب بھی سرکاری اعلان کا انتظار ہے۔
فلم “عبیر گلال” کی ہدایت کاری آرتی ایس بگڈی نے کی ہے۔ موسیقی معروف موسیقار امیت ترویدی نے ترتیب دی ہے، جب کہ گیتوں کے بول مشہور نغمہ نگار کمار نے لکھے ہیں۔ فلم کو ویوک بی اگروال، رضا نمازی اور فیروزی خان نے پروڈیوس کیا ہے۔