وزن کم کرنے کے لیے کھجور یا انجیر، کون سا بہتر ہے؟

کھجور اور انجیر جیسے خشک میوے صحت مند ناشتے کے لیے اور مٹھائی کی خواہش کو کنٹرول کرنے کے لیے غذائیت سے بھرپور انتخاب ہیں۔ یہ دونوں قدرتی طور پر میٹھے ہوتے ہیں اور ریشہ، اینٹی آکسیڈنٹس اور ضروری وٹامنز سے بھرپور ہوتے ہیں جو مجموعی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔ لیکن اگر مقصد وزن کم کرنا ہے توکھجور اور انجیر کے درمیان کیلوریز، شکر اور ریشے میں فرق کو سمجھنا ضروری ہے۔ جہاں کھجور فوری توانائی فراہم کرتی ہے۔ وہیں انجیر اپنی کم کیلوریز اور شکر کی سطح کی وجہ سے وزن کو زیادہ مؤثر طریقے سے کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ دونوں غذائی اجزاء سے بھرپور ہیں لیکن ان کی شکر، کیلوریز اور ریشے کی ساخت انہیں مختلف غذائی اہداف کے لیے موزوں بناتی ہے۔

گلائیسیمک انڈیکس
زیادہ گلائیسیمک انڈیکس والی غذائیں خون میں شکر میں تیزی سے اضافہ کر سکتی ہیں جس سے توانائی میں اچانک کمی اور انہیں کھانے کے تھوڑی دیر بعد بھوک میں اضافہ ہوتا ہے۔ خشک انجیر کا گلائیسیمک انڈیکس تقریباً 61 ہے جو اسے درمیانی حد میں رکھتا ہے۔ عام طور پر انجیر میں کھجور سے کم گلائیسیمک انڈیکس ہوتا ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ سست ہضم ہوتا ہے اور خون میں شکر کی سطح پر ہلکا اثر ڈالتا ہے۔ اس کے برعکس جب کھجور بڑی مقدار میں کھائی جائے تو یہ شکر کو تیزی سے جذب کرنے میں مدد کرتی ہے۔ انجیر ان لوگوں کے لیے بہتر انتخاب ہو سکتا ہے جو انسولین کی حساسیت برقرار رکھتے ہیں یا شکر میں اضافے سے بچنا چاہتے ہیں۔

وزن کم کرنا
کھجور کیلوریز سے بھرپور ہوتی ہے جس میں تقریباً 280 سے لیکر 300 کیلوریز فی 100 گرام ہوتی ہیں۔ جبکہ انجیر فی 100 گرام صرف 70 سے 75 کیلوریز فراہم کرتی ہے۔ انجیر ایک کم کیلوری والا انتخاب ہے جو ان لوگوں کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے جو وزن کم کرنے کے لیے کیلوریز میں کمی برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ان افراد کے لیے جو اپنی شکر کی کھپت کو منظم کر رہے ہیں یا کل کیلوریز کی نگرانی کر رہے ہیں انجیر وزن کم کرنے کے لیے زیادہ موزوں انتخاب ہے۔ اگرچہ دونوں پھلوں میں قدرتی شکر جیسے فریکٹوز اور گلوکوز ہوتے ہیں لیکن کھجور میں فی سرونگ زیادہ مقدار ہوتی ہے۔

فائبر کا مواد
ریشہ وزن کم کرنے میں ایک کلیدی عنصر ہے کیونکہ یہ زیادہ دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس دلاتا ہے، ہاضمے میں مدد کرتا ہے اور خون میں شکر کی سطح کو منظم کرتا ہے۔ انجیر میں ریشے کی مقدار تھوڑی زیادہ ہوتی ہے جہاں یہ فی 100 گرام تقریباً 9 سے 10 گرام ریشہ (فائبر) فراہم کرتی ہے جو پیٹ بھرنے کے احساس کو بڑھانے اور کھانے کے درمیان بھوک کو کم کرنے میں معاون ہے۔ کھجور میں ریشے کی مقدار تھوڑی کم ہوتی ہے تاہم یہ ایک اچھی مقدار فراہم کرتی ہے تقریباً 7 سے 8 گرام فائبر کی مقدار فی 100 گرام ہوتی ہے۔

ریشے کا یہ مواد ہاضمے میں مدد کرتا ہے، خون میں شکر کی سطح کو منظم کرتا ہے اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے اور آنتوں کے افعال کو بہتر بنانے میں مدد دے کر دل کی صحت میں بھی معاون ہے۔ اگر کوئی شخص ایسی سنیک کی تلاش میں ہے جو بھوک کو دبا سکے اور اضافی کیلوریز کے بغیر پیٹ بھرنے کا احساس دلائے تو انجیر اس کے ریشے اور کیلوریز کے اعلیٰ تناسب کی وجہ سے بہترین انتخاب ہے۔

پیٹ بھرنے کا احساس
کھجور اور انجیر دونوں میں ریشہ اور قدرتی شکر کی زیادہ مقدار ہوتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ دونوں پیٹ بھرنے کا احساس دلا سکتے ہیں لیکن مقدار کا کنٹرول بہت ضروری ہے۔ چونکہ انجیر میں کیلوریز کی کثافت کم ہوتی ہے لہذا یہ زیادہ کیلوریز کے بغیر تھوڑی بڑی مقدار میں کھایا جا سکتا ہے۔ کھجور کو چھوٹی مقدار میں کھانا بہتر ہے۔ صرف 2 سے 3 کھجوریں ہی اضافی کیلوریز کے بغیر فوری توانائی فراہم کر سکتی ہیں۔ اگر کھجور کو شعوری طور پر کھایا جائے تو دونوں وزن کم کرنے کے لیے ایک متوازن غذا کا حصہ ہو سکتے ہیں لیکن انجیر حجم اور پیٹ بھرنے کے احساس کے لحاظ سے زیادہ لچک فراہم کرتی ہے۔

وٹامنز اور معدنیات
انجیر میں کیلشیم، پوٹاشیم، میگنیشیم، آئرن اور وٹامن کے بھرپور مقدار میں ہوتا ہے۔ یہ غذائی اجزاء ہڈیوں اور دل کی صحت اور پٹھوں کے مناسب افعال کو بہتر بناتے ہیں۔ کھجور پوٹاشیم، آئرن، میگنیشیم اور وٹامن بی سے بھرپور ہوتی ہے لہذا یہ خاص طور پر توانائی کی سطح کو بحال کرنے اور تھکاوٹ سے لڑنے کے لیے مفید ہے۔

ہاضمے کی صحت اور اینٹی آکسیڈنٹس
کھجور اور انجیر دونوں اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں جو سوزش سے لڑنے اور خلیوں کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد کرتے ہیں۔ نیز وہ اپنے اعلیٰ ریشے کے مواد کی وجہ سے ہاضمے کی صحت کو بھی بہتر بناتے ہیں۔ انجیر اپنے حل پذیر ریشے کی وجہ سے قبض کو دور کرنے میں مدد کر سکتی ہے جو فضلے میں حجم شامل کرتا ہے اور آنتوں کی حرکت کی باقاعدگی کو فروغ دیتا ہے۔ کھجور بھی ہاضمے اور آنتوں کی صحت کو بہتر بنا سکتی ہے۔ خاص طور پر جب اسے رات بھر بھگو کر صبح کھایا جائے کیونکہ یہ فائدہ مند آنتوں کے بیکٹیریا کو غذا فراہم کرنے اور قدرتی توانائی فراہم کرنے میں مدد کرتی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں