لاہور چیمبر آف کامرس کے دورے کے دوران بنگلہ دیشی سفیر محمد اقبال خان کا کہنا تھا ، لاہور کی تہذیب اور ثقافت کسی تعارف کی محتاج نہیں ۔ بنگلہ دیشی عوام پاکستان سے محبت ، بھائی چارے اور مذہبی رشتہ قائم رکھنا چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے دورمیان دوریاں ختم کر کے تعاون بڑھانا ہی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
ان کا کہنا تھا پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی تجارت بڑھانے کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ بنگالی عوام کے دلوں میں پاکستان کی عزت موجود ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان معاشی و اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا ہو گا۔
بنگالی سفیر محمد اقبال خان کا کہنا تھا ، پاکستانیوں کیلئے بنگلہ دیش نے ویزا شرائط میں بھی نرمی کر دی ہے اور اب پاکستانی شہری آن لائن بھی بنگلہ دیش کا ویزا حاصل کر سکتے ہیں ۔
صدر لاہور چیمبر آف کامرس میاں ابوذر شاد کا کہنا تھا ، ہمارے تاجر بنگلہ دیش کے ساتھ تجارت بڑھانے کے خواہاں ہیں اور بہت جلد ہمارے وفود بھی بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے ۔