پاکستان کے صوبہ پنجاب کے تین دریاؤں میں شدید سیلابی صورتحال ہے جس نے آس پاس کے کئی علاقوں کو شدید متاثر کیا۔اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے نجی فلاحی ادارےالخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکارپھرپور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
رضاکاروں نےسیالکوٹ کی چھ متاثرہ بستیوں میں 1380 افراد کو دوپہر کا پکا پکایا کھانا فراہم کیا۔ متاثرہ علاقے رنگپورہ، دوبرجی، لیبر کالونی، کوٹلہ انمباولہ، چھوٹا گنہ اور پکا گڑھا شامل ہیں۔ فاؤنڈیشن نے گورنمنٹ ہائی اسکول پکا گڑھا میں خیمہ بستی بھی قائم کی ہے جہاں متاثرہ خاندانوں کے لیے تین وقت کے کھانے کی فراہمی کے لیے الخدمت کچن بھی کام کر رہا ہے۔
رضاکار سیلاب متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ طبی امداد، کھانا، پانی اور خیمے بھی فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع قصور میں الخدمت نے ریلیف کیمپ قائم کیا جہاں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر اعجاز اللہ خان اور صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

قصور میں شدید سیلاب کے باعث کئی دیہات کا رابطہ منقطع ہے لیکن الخدمت کے رضاکار کشتیوں کے ذریعے متاثرین تک پہنچ کر انہیں پکا ہوا کھانا اور صاف پانی فراہم کر رہے ہیں۔

ادھر لاہور کے علاقے چوہنگ، ملتان روڈ پر قائم ریلیف کیمپ میں بھی ایک ہزار سے زائد افراد کو کھانا فراہم کیا گیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار متاثرین کو خوراک، ریلیف اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مسلسل مصروفِ عمل ہیں۔
