پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کےمحکمہ داخلہ و قبائلی کے مطابق صوبے کے مختلف سرحدی راستوں، بالخصوص طورخم بارڈر کے ذریعے افغان شہریوں کی واپسی اور ڈیپورٹیشن کا عمل مسلسل جاری ہے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 8 ستمبر 2025 کو طورخم بارڈر سے 2491 افراد واپس بھیجے گئے، جن میں 746 ایسے افراد شامل تھے جو غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق اب تک خیبرپختونخوا کے راستے مجموعی طور پر سات لاکھ 43 ہزار سے زائد افغان شہری واپس جا چکے ہیں، جن میں چھ لاکھ پانچ ہزار 992 غیر قانونی مقیم افراد، 89 ہزار 467 پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ رکھنے والے اور 48 ہزار 254 افغان سٹیزن کارڈ (اے سی سی) ہولڈرز شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ انخلا طورخم بارڈر سے ہوا ہے، جب کہ دیگر صوبوں بشمول اسلام آباد، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی مجموعی طور پر 30 ہزار 694 افغان باشندوں کی واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق یہ عمل صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کی نگرانی میں جاری ہے تاکہ واپسی کا عمل قانونی اور محفوظ انداز میں مکمل ہو۔ مزید کہا گیا ہے کہ یہ انخلا منظم اور شفاف طریقے سے جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ یہ اعداد و شمار 8 ستمبر 2025 تک کے ہیں، جو 9 ستمبر 2025 کو جاری کیے گئے۔