پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت کی تصدیق کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، اور کراچی کنگز کے کپتان، ڈیوڈ وارنر سمیت کئی بین الاقوامی کھلاڑیوں نے پاکستان آکر بقیہ میچز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کا حتمی شیڈول جاری ہوتے ہی غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی واپسی کی تصدیق دینا شروع کردی ہے۔ پی ایس ایل میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے کھلاڑیوں میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے کپتان، ڈیوڈ وارنر، بین میک ڈرموٹ، اور انگلینڈ کے جیمز ونس شامل ہیں۔
اسی طرح، لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے زمبابوے کے آل راؤنڈر، سکندر رضا، پشاور زلمی کے انگلش فاسٹ باؤلر، لیوک ووڈ، ٹام کوہلر کیڈمور اور افغانستان کے نجیب اللہ زدران بھی پاکستان آنے کو تیار ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل سری لنکن بلے باز، کوشل مینڈس بھی بقیہ میچز کھیلیں گے۔
یاد رہے کہ، پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی سی بی نے پی ایس ایل کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا تھا اور تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو محفوظ طریقے سے وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔ تاہم اب، پی سی بی نے شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آخری چار گروپ میچز ہوں گے، جبکہ پلے آف اور فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔