برطانیہ نے فوجی سیٹلائٹس کے تحفظ کے لیے نئی خصوصی اسپیس فوجی یونٹ قائم کردی

برطانیہ نے رائل ایئر فورس کے تحت ایک نئی خصوصی فوجی یونٹ قائم کی ہے جو خلا میں موجود برطانوی سیٹلائٹس کو دشمن کی مداخلت، سگنل جام کرنے یا دیگر حملوں سے بچانے کا کام کرے گی۔ اس یونٹ کا نام نمبر تھری اسپیس ایفیکٹس اسکواڈرن رکھا گیا ہے۔

برطانوی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ یونٹ خاص طور پر ان سیٹلائٹس کی حفاظت کرے گی جو فوجی رابطوں، جہازوں کی رہنمائی، انٹیلی جنس اور میزائل حملوں کی پیشگی وارننگ کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ یہی سیٹلائٹس روزمرہ زندگی میں موبائل فون، موسم کی پیش گوئی اور ہنگامی خدمات میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

نئی یونٹ جدید الیکٹرانک وارفیئر ٹیکنالوجی استعمال کرے گی۔ اس کا مقصد دشمن کی جانب سے برطانوی سیٹلائٹس کے سگنلز میں خلل ڈالنے، انہیں جام کرنے یا ان کے کام کو متاثر کرنے کی کوششوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

برطانیہ نے 2023 میں دو ایسی اسپیس یونٹس قائم کی تھیں جو خلا میں خطرات کی نگرانی اور ان کے بارے میں خبردار کرتی ہیں۔ نئی یونٹ کا فرق یہ ہے کہ یہ صرف خطرہ دیکھے گی نہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر اس کے خلاف عملی کارروائی بھی کرے گی۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ خلا اب دفاع اور قومی سلامتی کے لیے بہت اہم میدان بن چکا ہے کیونکہ مختلف ممالک ایسی ٹیکنالوجی تیار کر رہے ہیں جو دوسرے ممالک کے سیٹلائٹس کو جام، متاثر یا ناکارہ بنا سکتی ہے۔ اسی وجہ سے برطانیہ اپنی خلائی دفاعی صلاحیت بڑھا رہا ہے۔

برطانیہ نے واضح کیا ہے کہ وہ خلا کے پُرامن استعمال کے عزم پر قائم ہے اور تباہ کن اینٹی سیٹلائٹ میزائل تجربات نہیں کرے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ نئی اسپیس فوجی یونٹ کا بنیادی مقصد برطانوی سیٹلائٹس اور خلائی نظاموں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں