‘یہ فیصلہ عالمی کھیل کے مفاد میں نہیں ہے’، پاکستان کا بھارت کے ساتھ میچ سے انکار پر آئی سی سی کا ردِعمل

آئی سی سی نے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ’’انتخابی شرکت‘‘ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت نے اپنی ٹیم کو عالمی ٹورنامنٹ میں صرف مخصوص میچز کھیلنے کی ہدایت دی ہے۔ آئی سی سی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ خط و کتابت کا انتظار کر رہی ہے، تاہم ’’انتخابی شرکت‘‘ کا یہ مؤقف ایک عالمی کھیلوں کے ایونٹ کے بنیادی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا، جہاں تمام کوالیفائیڈ ٹیموں سے طے شدہ شیڈول کے مطابق برابر کی بنیاد پر مقابلہ کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔

آئی سی سی کا کہنا تھا کہ اس کے ٹورنامنٹس کھیلوں کی دیانت داری، مسابقت، تسلسل اور انصاف جیسے اصولوں پر قائم ہوتے ہیں، جبکہ انتخابی شرکت نہ صرف ان اقدار کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ مقابلوں کی روح اور تقدس کو بھی مجروح کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ آئی سی سی قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے، تاہم یہ فیصلہ عالمی کرکٹ اور دنیا بھر کے شائقین، جن میں پاکستان کے لاکھوں مداح بھی شامل ہیں، کے مفاد میں نہیں ہے۔

آئی سی سی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس فیصلے کے اپنے ملک کی کرکٹ پر پڑنے والے ممکنہ اور طویل المدتی اثرات کو مدنظر رکھے گا، کیونکہ اس سے عالمی کرکٹ کے نظام پر بھی اثر پڑ سکتا ہے، جس کا پی سی بی خود رکن اور فائدہ اٹھانے والا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ آئی سی سی کی اولین ترجیح آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا کامیاب انعقاد ہے، اور یہ ذمہ داری پی سی بی سمیت تمام رکن ممالک پر عائد ہوتی ہے۔ آئی سی سی نے پی سی بی پر زور دیا کہ وہ تمام متعلقہ فریقین کے مفادات کے تحفظ کے لیے کوئی باہمی طور پر قابلِ قبول حل تلاش کرے۔
واضح رہے، پاکستان نے گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کوٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے ، تاہم پاکستان کو بھارت سے شیڈول میچ میں حصہ لینے سے منع کیا گیا ہے ۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، جس کی مشترکہ میزبانی بھارت اور سری لنکا کر رہے ہیں، سات فروری سے شروع ہو رہا ہے۔ پاکستان کو دفاعی چیمپئن بھارت کے ساتھ ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے، تاہم آئی سی سی کے طے کردہ انتظام کے تحت پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا تاکہ وہ غیر جانبدار مقام پر مقابلے کر سکے۔

یاد رہے کہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد ’’ہائبرڈ ماڈل‘‘ اپنایا گیا تھا، جس کے تحت بھارت نے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے تھے۔ اسی سمجھوتے کے تحت اب آنے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں