وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپو ر کے معاونِ خصوصی برائے ریلیف نیک محمد نے سوات میں جاری ریسکیو آپریشن سے متعلق بتایا ہے کہ، سیلابی ریلے میں لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش کے لیے سوات بائی پاس پر ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔
اپنے ایک بیان میں نیک محمد نے کہا کہ، اب تک سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقے سے 10 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، تاہم تین افراد اب بھی لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ، اس واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے بعد چار اعلیٰ افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مکمل جانچ کے لیے ایک انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ کمیٹی کو سات دن کے اندر اپنی رپورٹ اور سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔