معروف ٹیکنالوجی کمپنی، مائیکرو سافٹ نے تصدیق کی ہے کہ، ویڈیو اور آڈیو کالنگ ایپ ‘اسکائپ’ کو مئی 2025 میں مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔
یہ فیصلہ کمپنی کی جانب سے پہلے ہی عندیہ دیے جانے کے بعد سامنے آیا، جب ونڈوز پریویو (بیک اینڈ) پر اسکائپ کے بند ہونے کا پیغام جاری کیا گیا تھا۔ اب مائیکرو سافٹ نے واضح طور پر اعلان کر دیا ہے کہ، اسکائپ کی سروسز مئی کے آخر تک مکمل طور پر ختم کر دی جائیں گی۔
مائیکرو سافٹ کے مطابق، اسکائپ پر فیس کے عوض فیچرز استعمال کرنے والے صارفین 5 مئی کے بعد بھی محدود مدت کے لیے اپنی سروسز استعمال کر سکیں گے۔ تاہم، مکمل بندش کے بعد اسکائپ دستیاب نہیں رہے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ، مواصلاتی ٹیکنالوجی میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کے باعث وہ اپنی توجہ ‘مائیکرو سافٹ ٹیمز’ پر مرکوز کر رہی ہے، جو اسکائپ کے تمام فیچرز کے ساتھ جدید ترین سہولیات بھی فراہم کرتا ہے۔ مائیکرو سافٹ نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ، وہ آج ہی "مائیکرو سافٹ ٹیمز” ایپ ڈاؤن لوڈ کر لیں ،تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی کمیونیکیشن جاری رکھ سکیں۔
کمپنی کے مطابق، مستقبل میں مائیکرو سافٹ ٹیمز کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور صارفین کو متعدد مفت فیچرز تک رسائی فراہم کی جائے گی۔
اسکائپ کو 2003 میں ایسٹونیا میں نکلس زینسٹروم اور جانس فریس نے تخلیق کیا تھا۔ یہ پلیٹ فارم مفت انٹرنیٹ وائس کالز اور کم قیمت پر لینڈ لائن و موبائل کالز کی پیشکش کے ذریعے ایک انقلابی تبدیلی لے کر آیا تھا۔
2005اسکائپ کو ایک نیلامی ویب سائٹ نے خرید لیا۔2009ایک سرمایہ کار گروپ نے اسے اپنے قبضے میں لے لیا۔2011مائیکرو سافٹ نے اسکائپ کے تمام شیئرز خرید کر اسے اپنی ملکیت میں لے لیا۔
اب 22 سال بعد، مائیکرو سافٹ نے اسکائپ کی مکمل بندش کی تصدیق کر دی ہے، اور مئی 2025 کے بعد اس کی سروسز دستیاب نہیں ہوں گی۔