کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو کی صحت سے متعلق تشویش ناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں ان میں پھیپھڑوں کے کینسر کی ایک قسم کی تشخیص کی اطلاع دی گئی ہے۔ ویٹیکن کے مطابق 71 سالہ پوپ لیو کے دائیں پھیپھڑے کا متاثرہ حصہ آپریشن کے ذریعے نکال دیا گیا ہے۔
ویٹیکن کی جانب سے جاری طبی بیان کے مطابق، طبی ٹیسٹوں میں پھیپھڑوں کے کینسر کی ایک قسم، لنگ ایڈینوکارسینوما، کی تشخیص ہوئی۔ پوپ لیو کو پھیپھڑے میں موجود رسولی نکالنے کے لیے روم کے جیمیلی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق پوپ لیو تقریباً تین گھنٹے آپریشن تھیٹر میں رہے، جبکہ سرجری میں لگ بھگ 90 منٹ لگے۔ آپریشن کے بعد انہیں واپس اپنے کمرے میں منتقل کر دیا گیا۔
ویٹیکن نے مزید بتایا کہ پوپ لیو کی 20 اکتوبر تک طے شدہ تمام مصروفیات اور ملاقاتیں منسوخ کر دی گئی ہیں، تاکہ وہ صحت یابی کے لیے وقت دے سکیں۔
واضح رہے کہ پوپ لیو گزشتہ سال مئی میں رومن کیتھولک چرچ کے پہلے امریکی نژاد سربراہ منتخب ہوئے تھے۔ ان کی صحت سے متعلق اس خبر کے بعد عالمی سطح پر ان کی طبی صورتِ حال اور آئندہ مصروفیات پر توجہ مرکوز ہے۔