پاکستان: مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ سے متعلق قومی اسمبلی اجلاس کا شیڈول جاری

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ سے متعلق قومی اسمبلی اجلاس کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، مالی سال 2025-26 کا بجٹ منگل، 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ بجٹ پیشی کے بعد 11 اور 12 جون کو ایوان کا اجلاس منعقد نہیں ہوگا۔

13 جون سے وفاقی بجٹ پر باقاعدہ بحث کا آغاز کیا جائے گا، جس میں پارلیمانی جماعتوں کو مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت اظہارِ خیال کا موقع دیا جائے گا۔

اسپیکر ایاز صادق کے مطابق، بجٹ پر ہونے والی یہ بحث 21 جون کو مکمل کر لی جائے گی، جبکہ 22 جون کو اجلاس نہیں بلایا جائے گا۔

23 جون کو مالی سال 2025-26 کے لازمی اخراجات پر بحث کی جائے گی۔ اس کے بعد 24 اور 25 جون کو ڈیمانڈز، گرانٹس اور کٹوتی کی تحاریک پر بحث اور ان پر ووٹنگ ہوگی۔

26 جون کو فنانس بل قومی اسمبلی سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، اور 27 جون کو ضمنی گرانٹس سمیت دیگر امور پر بحث و رائے شماری کی جائے گی۔

اسپیکر نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی صرف سپیکر کی اجازت سے ممکن ہو گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں