وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، اسٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی اور دنیا بھر سے آئے حجاج کرام کی میزبانی اور ان کے لیے فراہم کی جانے والی بہترین سہولیات پر سعودی قیادت کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے فعال سفارتی کردار اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے عزم کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے انڈیا کی جانب سے جارحیت کے باوجود پاکستان کی تحمل مزاجی کی پالیسی کو اجاگر کرتے ہوئے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن صرف بامقصد بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حج کے دوران لاکھوں زائرین کے لیے ایک محفوظ، منظم اور روحانی تجربہ یقینی بنانے پر سعودی قیادت کی کوششوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر تفصیل سے بات چیت کی اور خطے میں انسانی بنیادوں پر اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جو ولی عہد محمد بن سلمان نے قبول کرلی۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔