پاکستان اور ازبکستان کا براہِ راست بینکنگ روابط قائم کرنے پر اتفاق

پاکستان اور ازبکستان نے دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے براہِ راست بینکنگ چینلز قائم کرنے پر بات چیت کا آغاز کر دیا ہے۔ دونوں ممالک کے نمائندوں کے مطابق منصوبے میں بینکوں کے درمیان کورسپونڈنٹ تعلقات قائم کرنا، مقامی کرنسی میں لین دین کے نظام متعارف کرانا، اور ڈیجیٹل ادائیگی و تجارتی فنانسنگ کے جدید ذرائع شروع کرنا شامل ہیں تاکہ کاروباری لین دین کو آسان بنایا جا سکے۔

یہ پیش رفت ازبکستان ایئرویز کی پاکستان میں کامیاب توسیع کے بعد سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں ازبک مالیاتی ادارے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں اپنی شاخیں کھولنے پر غور کر رہے ہیں۔

ازبکستان کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان ازبکستان ٹریڈ سینٹر کے نمائندوں نے خبر رساں ادارے بزنس ریکارڈر سے گفتگو میں بتایا ہے کہ یہ اقدامات دو طرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ کر سکتے ہیں۔ ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے دورے کے موقع پر کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان کے مطابق دونوں حکومتیں مارکیٹ تک بہتر رسائی اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔

سفیر نے بتایا کہ ازبکستان میں توانائی کے کم اخراجات اور کپاس کی وافر دستیابی پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کئی معاہدے طے پا چکے ہیں، جن میں ترجیحی تجارتی معاہدہ اور ٹیکس سے متعلق معاہدہ شامل ہیں، جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ازبک بینکوں کے درمیان مالی تعاون پر بات چیت جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق سفیر نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان براہِ راست پروازوں سے سفر کا دورانیہ صرف 90 منٹ رہ گیا ہے، جس سے کاروباری روابط میں آسانی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان سہ فریقی ٹرانزٹ ٹریڈ پر بھی بات چیت آخری مراحل میں ہے، جو مکمل ہونے پر خطے میں رابطوں کو مزید بہتر بنائے گی۔

تجارتی حکام کا کہنا ہے کہ بینکنگ روابط اور ڈیجیٹل نظاموں کا قیام پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا

Author

اپنا تبصرہ لکھیں