انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) سے رابطہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔
یہ موقع نیوزی لینڈ کی ٹیم کے مالی مسائل کے باعث لیگ سے دستبرداری کے بعد پیدا ہوا، کیونکہ قوانین کے تحت فائنل میں شکست کھانے والی ٹیم، یعنی پاکستان، کو شامل کرنے کا حق حاصل ہوتا ہے۔
نیوزی لینڈ، جو نیشنز ہاکی کپ کی فاتح تھی، مالی دباؤ کی وجہ سے ایک بار پھر پرو لیگ میں شرکت نہیں کر سکی۔ ملک میں ہاکی کو شوقیہ سطح پر کھیل سمجھا جاتا ہے، جس کی وجہ سے فیڈریشن شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ یہی صورتحال گزشتہ سال بھی دیکھی گئی تھی جب ٹیم جیت کے باوجود لیگ سے باہر رہی۔
ادھر، ایشیاکپ 2025، جو اگست-ستمبر میں بھارت میں شیڈول ہے، پاکستان ہاکی ٹیم کا اگلا بڑا بین الاقوامی اسائنمنٹ ہے۔ تاہم، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ سیاسی حالات کے باعث قومی ٹیم کی شرکت غیر یقینی کا شکار ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کوشش ہے کہ، ایشیاکپ کو کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کیا جائے، تاکہ قومی ٹیم ایونٹ میں شریک ہو کر فروری 2026 کے ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں جگہ بنا سکے۔