پاکستان نے افغانستان میں کسی تعلیمی ادارے کو نشانہ نہیں بنایا، تمام تر دعوے بے بنیاد ہیں، وزارت اطلاعات پاکستان

پاکستان کی وفاقی وزارتِ اطلاعات نے افغان میڈیا میں آنے والی ایک خبر کو مسترد کرتے ہوئے اسے گمراہ کن قرار دیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کے صوبہ کنڑ میں میزائل اور فضائی حملے کیے۔

وزارت کے بیان کے مطابق افغان خبر رساں ادارے طلوع نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ ان مبینہ حملوں میں سید جمال الدین یونیورسٹی اور اس کے اطراف کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک جبکہ بچوں سمیت 45 افراد زخمی ہوئے۔

پاکستانی حکام نے ان دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی سکیورٹی فورسز کسی بھی کارروائی سے قبل مصدقہ انٹیلیجنس معلومات پر انحصار کرتی ہیں، اور کنڑ میں مذکورہ یونیورسٹی کو نشانہ بنانے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

ادھر کنڑ کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ نجیب اللہ حنیف نے طلوع نیوز کو بتایا کہ پیر کے روز ہونے والے مبینہ حملوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

تاہم ان دعوؤں کی تاحال کسی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

اپنا تبصرہ لکھیں