بالی وڈ کے معروف ہدایتکار کرن جوہر نے فلمی صنعت میں بڑھتے ہوئے پیڈ پبلک ریلیشنز (پی آر) کے رجحان پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکاروں اور فنکاروں کو اپنی تشہیر کے بجائے اپنے کام کو خود بولنے دینا چاہیے۔
ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل زیادہ تر پی آر ‘ادائیگی کے بدلے’ کیا جاتا ہے، جس کے باعث یہ اندازہ لگانا مشکل ہو گیا ہے کہ عوام واقعی کسی فنکار یا کام کو پسند کر رہے ہیں یا یہ سب محض پیسے کے زور پر دکھایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق، اگر کوئی خود کو خوبصورت یا بہترین اداکار ثابت کرنا چاہتا ہے تو اب یہ سب کچھ صرف ادائیگی کے ذریعے ممکن ہو گیا ہے، جو ایک افسوسناک رجحان ہے۔
کرن جوہر نے مزید کہا کہ فلمی دنیا میں اس وقت تشہیر کا عمل حد سے زیادہ بڑھ چکا ہے اور اس کی بجائے فنکاروں کو چاہیے کہ وہ اپنی محنت اور کامیابیوں کو خود بولنے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے کوئی ‘میتھڈ مارکیٹنگ’ کرے یا نہ کرے، اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ کام خود اپنی پہچان بنائے۔
تاہم انہوں نے وضاحت بھی کی کہ ان کی بات کسی خاص اداکار یا فرد کے لیے نہیں تھی بلکہ وہ عمومی طور پر پورے انڈسٹری کے رجحان کی نشاندہی کر رہے تھے۔ ساتھ ہی انہوں نے تسلیم کیا کہ مارکیٹنگ اور تشہیر بھی ایک اہم شعبہ ہے، لیکن موجودہ دور میں ہر چیز کے پیسے سے جڑے ہونے نے اس کی ساکھ پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔