پاکستان اور سوڈان کا سائبر جرائم کے خلاف تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ

پاکستان اور سوڈان نے سائبر جرائم کی روک تھام، سکیورٹی تعاون اور پولیس کی تربیت کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ ہفتے کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفیٰ علی کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی شریک تھے۔ اس موقع پر سائبر جرائم کے خلاف اقدامات، داخلی سلامتی، پولیس کی پیشہ ورانہ تربیت، ادارہ جاتی تعاون اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سوڈانی وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کا ملک سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈان میں امن کے قیام اور تعمیر نو کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت دینے کی پیشکش بھی کی۔ ان کے مطابق نادرا کے تعاون سے سوڈان میں اب تک 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی سرٹیفکیٹس اور پانچ لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا سوڈان میں شہریوں کی رجسٹریشن کے عمل میں مزید تعاون کے لیے بھی تیار ہے۔

ملاقات کے دوران سوڈانی وزیر داخلہ نے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کو درپیش ویزا مسائل کی نشاندہی کی، جس پر محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ان مسائل کے فوری حل کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے سوڈانی شہریوں کو پاکستان میں طبی سہولیات اور صحت کے شعبے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ سوڈانی وزیر نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی۔

واضح رہے کہ سوڈان کے وزیر داخلہ نے ایک روز قبل چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ اس سے قبل جمعرات کو انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں سوڈان میں امن و سلامتی کی بحالی کے لیے عالمی فورمز پر پاکستان کی حمایت کو سراہا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں