شمالی کوریا نے نئے ڈیزائن کے فضائی دفاعی میزائل نظام کا تجربہ کرنے کے ساتھ کروز میزائلوں سے حملے کی فوجی مشق بھی کی ہے۔ شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے کے مطابق یہ دونوں سرگرمیاں بدھ کے روز انجام دی گئیں، جن کی تفصیلات جمعرات کو جاری کی گئیں۔
کے سی این اے کے مطابق فضائی دفاعی میزائل کے تجربے میں نئے مواد اور متعدد رہنمائی نظاموں کی تکنیکی صلاحیت اور قابلِ اعتماد ہونے کا جائزہ لیا گیا۔ تجربے کے دوران میزائل نظام کی اہداف کی شناخت اور انہیں ٹریک کرنے کی صلاحیت بھی جانچی گئی۔
دوسری جانب شمالی کوریا کے مشرقی علاقے میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل یونٹ نے ایک فرضی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی مشق کی۔ جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے بدھ کو تصدیق کی تھی کہ شمالی کوریا نے مشرقی ساحلی علاقے سونڈوک سے سمندر کی جانب متعدد میزائل داغے ہیں۔ یہ ایک ماہ کے دوران شمالی کوریا کا چوتھا میزائل یا ہتھیاروں کا تجربہ تھا۔
جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع کے ایک عہدیدار کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ داغے گئے میزائل مختلف اقسام کے ہو سکتے ہیں۔ دفاعی امور کے ماہر شن جونگ وو نے شمالی کوریا کی جانب سے جاری تصاویر کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ کروز میزائل پر کلسٹر وارہیڈ نصب دکھائی دیتا ہے، جس کا مقصد ہدف کے وسیع علاقے میں بارودی مواد پھیلانے کی صلاحیت جانچنا ہو سکتا ہے۔
ماہر کے مطابق شمالی کوریا کا نیا فضائی دفاعی میزائل، جسے پہلی مرتبہ نومبر 2025ء میں متعارف کرایا گیا تھا، اس کے رہنمائی نظام کا ڈیزائن روس کے ایس 400 فضائی دفاعی نظام سے مشابہت رکھتا ہے۔ ان تجربات کے ذریعے شمالی کوریا اپنے میزائلوں اور فضائی دفاعی نظام کی صلاحیتوں کو مزید جانچ رہا ہے۔