امریکہ میں نجی طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ، نو افراد ہلاک

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک نجی جیٹ طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود تمام نو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ طیارے کا ملبہ سڑک اور اس کے اطراف بکھر گیا۔

امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ کے مطابق حادثہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 50 منٹ پر کریسٹ ہیون کے قریب پیش آیا۔ یہ مقام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نجی کلب مار اے لاگو سے تقریباً 14 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

امریکہ کی وفاقی ایوی ایشن انتظامیہ (ایف اے اے) کے مطابق لیئرجیٹ 60 طیارے نے ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن سے اڑان بھری تھی اور وہ بہاماس کی جانب روانہ تھا۔

حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں رہائشی علاقے کی سڑک پر ایک بڑا گڑھا، مختلف مقامات پر آگ کے شعلے اور طیارے کے تباہ شدہ حصے دیکھے جا سکتے ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس اور پرواز کے دستیاب اعداد و شمار کے تجزیے کے مطابق طیارہ زمین سے ٹکرانے سے قبل انتہائی تیزی سے بلندی کھو رہا تھا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک غیر مصدقہ ویڈیو میں بظاہر طیارے کو تقریباً عمودی زاویے سے زمین کی طرف آتے دیکھا جا سکتا ہے۔ گاڑی کے ڈیش کیمرے سے ریکارڈ کی گئی اس مبینہ ویڈیو میں طیارہ زمین سے ٹکراتے ہی ایک بڑے دھماکے اور آگ کے شعلوں میں گھرا دکھائی دیتا ہے۔

امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے واقعے کو ایک ہولناک سانحہ قرار دیا ہے۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ایف اے اے بھی تحقیقاتی عمل میں معاونت کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں