گرمی نہیں، نمی مار دیتی ہے!

سائنسدانوں نے خبردار کیا ہےکہ گزشتہ 40 سال میں نمی کی شدت میں خطرناک اضافہہوا ہے۔
آج کل صرف پاکستان ہی نہیں امریکہ اور کینیڈا جیسے ممالک بھی شدید گرمی کی لہر میں آئے ہوئےہیں۔ شدید گرمی اور نمی کی کیفیت کے لئے ماہرین نے ایک اصطلاح “ہیٹ ڈوم” کی وضع کی ہے۔ اس سے مراد ایسا موسمی دباؤ جو نہ صرف درجہ حرارت کو حد سے بڑھا دیتا ہے بلکہ ہوا میں نمی کو بھی خطرناک حد تک بڑھا دیتا ہے۔
ماہرین موسمیات خبردار کر رہے ہیں کہ صرف درجہ حرارت ہی نہیں، زیادہ نمی بھی جان لیوا بن سکتی ہے، کیونکہ یہ انسانی جسم کی قدرتی ٹھنڈا ہونے کی صلاحیت کو مفلوج کر دیتی ہے۔

نمی ہوتی کیا ہے؟
نمی اس وقت پیدا ہوتی ہے جب پانی بخارات بن کر فضا میں شامل ہوتا ہے۔ موسم گرما میں درجہ حرارت کے باعث جھیلوں، ندیوں اور دیگر آبی ذرائع سے زیادہ بخارات اٹھتے ہیں۔ اگر ہوا میں پہلے ہی کافی مقدار میں پانی کے ذرات موجود ہوں، تو جسم سے نکلنے والا پسینہ بخارات نہیں بن پاتا—جس کا مطلب ہے کہ جسم ٹھنڈا نہیں ہو سکتا۔
امریکی یونیورسٹی جارجیا کے پروفیسر جیمز شیفرڈ کے مطابق:”جتنا زیادہ پانی بخارات کی صورت میں فضا میں ہو گا، اتنی ہی زیادہ نمی محسوس ہو گی۔”

“ویٹ بلب ایفیکٹ” اور انسانی جان کو لاحق خطرات
کیا آپ نے کبھی گرمی میں اتنی بے چینی محسوس کی ہو کہ سانس لینا بھی دوبھر لگے؟ اسے ہی ماہرین “ویٹ بلب ایفیکٹ” کہتے ہیں—ایسا ماحول جہاں انسان کا جسم پسینے کے ذریعے خود کو ٹھنڈا نہیں رکھ سکتا۔ اگر درجہ حرارت 95°F تک جا پہنچے اور نمی بھی زیادہ ہو تو انسانی جان کے لیے خطرے کی گھنٹی بج جاتی ہے۔
ماہرین خبردارکرتے ہیں کہ 88°F پر بھی اگر نمی زیادہ ہو، تو ہیٹ اسٹروک اور شدید نقاہت جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔”

رات کا سکون بھی چھن گیا…
شہری علاقوں میں مسئلہ مزید سنگین ہو جاتا ہے کیونکہ کنکریٹ اور اسفالٹ سارا دن گرمی جذب کرتے ہیں اور پھر رات بھر وہی گرمی خارج کرتے رہتے ہیں۔ اس کے باعث رات کو بھی درجہ حرارت نہیں گرتا اور جسم کو آرام نہیں مل پاتا۔

ہیٹ ایکشن پلان: اب تیاری ضروری ہے
بڑھتی ہوئی نمی کے پیش نظر ماہرین تجویز دیتے ہیں کہ اب ہر فرد کو اپنا ذاتی ہیٹ ایکشن پلان بنانا ہوگا:

گھر میں ٹھنڈے پانی، پنکھے، اور برف کا بندوبست رکھیں
ممکن ہو تو ٹھنڈے پانی سے غسل کریں

ایئر کنڈیشنر پر مکمل انحصار نہ کریں
روزانہ دوستوں، بزرگوں، اور پڑوسیوں کی خیریت دریافت کریں، اگر وہ نوجوان اور صحت مند نظر آتے ہوں تب بھی۔

تحقیق کا انتباہ: نمی ہر سال بڑھ رہی ہے
فروری 2025 کی ایک تحقیق کے مطابق، گزشتہ 40 سالوں میں نہ صرف ہیٹ ویوز کی شدت بڑھی ہے بلکہ نمی کا دورانیہ اور طاقت بھی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔شمالی امریکہ کے ساتھ یہی صورتحال جنوبی ایشیا اور دیگر گرم خطوں میں بھی دیکھی جا رہی ہے۔ پاکستان میں بھی اس سال شدید گرم ٹمپریچر بہت سے شہروں میں دیکھا گیا، آج کل نمی بڑھ جانے کی وجہ سے مزید مشکلات محسوس ہو رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں