ملائیشیا میں جاری ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 6 گولز سے شکست دے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
فائنل میچ شام 6 بجے شروع ہوا، جس میں نیوزی لینڈ نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور پاکستانی دفاع کو دباؤ میں رکھا۔
پاکستان نے سیمی فائنل میں فرانس کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، جبکہ نیوزی لینڈ نے کوریا کو شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ کٹوایا تھا۔
فائنل میں پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے اسٹیڈیم میں موجود تھی، تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم نے تجربہ اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ پر مکمل گرفت برقرار رکھی۔
پاکستان کی جانب سے زکریا حیات اور سفیان خان نے ایک، ایک گول کیا، تاہم ٹیم مجموعی طور پر حریف کی جارحانہ حکمت عملی کے سامنے بے بس نظر آئی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ، قومی ٹیم نے فائنل میں بہادری سے مقابلہ کیا، تاہم نیوزی لینڈ نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
یاد رہے کہ، پاکستان نے رواں ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف مسلسل دوسری بار نیشنز کپ کے فائنل میں جگہ بنائی، بلکہ سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف فتح سے ایف آئی ایچ مینز پرو لیگ میں کوالیفائی کرنے کی امیدیں بھی قائم رکھی ہیں۔
سیمی فائنل کے ہیرو رانا وحید نے فتح کے بعد کہا تھا کہ، وہ اس دن کے لیے طویل عرصے سے محنت کر رہے تھے، ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے اور فائنل جیتنے کے لیے پُرامید ہیں۔