ٹائی ٹینک کے مسافر کا لکھا گیا خط 11 کروڑ روپے سے زائد میں نیلام

دنیا کے مشہور ترین بحری حادثے ٹائی ٹینک کے ایک زندہ بچ جانے والے مسافر کا تحریر کردہ نایاب خط برطانیہ میں ہونے والی ایک نیلامی کے دوران تقریباً 11 کروڑ روپے (3 لاکھ برطانوی پاؤنڈ) میں فروخت ہو گیا۔

یہ تاریخی خط کرنل آرچی بالڈ گریسی (Colonel Archibald Gracie) نے 10 اپریل 1912 کو اپنے ایک عزیز کو لکھا تھا، جو کہ جہاز کے ڈوبنے سے صرف 5 دن قبل تحریر کیا گیا۔ خط 12 اپریل 1912 کو لندن پہنچا، جبکہ ٹائی ٹینک 15 اپریل کو بحراوقیانوس میں ایک برفانی تودے سے ٹکرا کر ڈوب گیا تھا، جس میں 1,500 سے زائد مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔

کرنل گریسی جہاز کے فرسٹ کلاس مسافروں میں شامل تھے اور وہ ان چند خوش نصیب افراد میں سے تھے جو اس ہولناک حادثے میں زندہ بچ نکلے۔

خط میں کرنل نے ٹائی ٹینک کی تعریف کرتے ہوئے لکھا: “یہ ایک شاندار اور آرام دہ جہاز ہے، مگر میں حتمی رائے تب ہی دوں گا جب منزل پر پہنچ جاؤں گا۔”

برطانوی نیلامی گھر کے مطابق، اس نایاب دستاویز کی ابتدائی قیمت 60 ہزار پاؤنڈ رکھی گئی تھی، تاہم یہ متوقع رقم سے پانچ گنا زیادہ میں فروخت ہوا، جس سے ٹائی ٹینک حادثے کی تاریخی اہمیت اور عوامی دلچسپی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں