جیولین تھرو کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کے ارشد ندیم کس پوزیشن پر؟

ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے جیولن تھرو کی تازہ ترین عالمی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کے معروف ایتھلیٹ ارشد ندیم 1370 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

رینکنگ میں ان کی پوزیشن میں کوئی بہتری نہیں آئی، جس کی وجہ رواں سیزن میں بین الاقوامی مقابلوں میں ان کی محدود شرکت بتائی جا رہی ہے۔

اس سال اب تک ارشد ندیم نے صرف ایک ایونٹ، ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں حصہ لیا، جہاں انہوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 86.40 میٹر کی تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔

رینکنگ میں بھارت کے نیرج چوپڑا 1445 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز دوسرے اور جرمنی کے جولین ویبر تیسرے نمبر پر ہیں۔

ارشد ندیم آئندہ چند ماہ میں ستمبر میں ہونے والی ورلڈ چیمپیئن شپ سے قبل مزید دو سے تین بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں، جس سے ان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ، ارشد ندیم نے گزشتہ برس پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا، جو پاکستان کے کھیلوں کی تاریخ میں ایک تاریخی لمحہ تصور کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں