پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دے کر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا

پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے 30ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد کے اوپنرز ایلیکس ہیلز اور صاحبزادہ فرحان نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور کراچی کے بولرز پر بھرپور دباؤ ڈالا۔ صرف 11 اوورز میں ٹیم کا اسکور 150 رنز تک پہنچا دیا۔

صاحبزادہ فرحان 41 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جس میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ان کے بعد آنے والے بیٹر راسی وینڈر ڈوسن محض 1 رن بنا کر چلتے بنے۔ تاہم دوسرے اینڈ سے ایلیکس ہیلز کی طوفانی بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا، انہوں نے 35 گیندوں پر 88 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 8 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

شاداب خان نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ حیدر علی 19 اور بین وارشس 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 251 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔ کراچی کی طرف سے میرحمزہ، خوشدل شاہ اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن دباؤ میں نظر آئی اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں 172 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان ڈیوڈ وارنر نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ عباس آفریدی نے 34، ٹم سیفرٹ نے 26، عامر جمال نے 16 اور عرفان خان نے 14 رنز اسکور کیے۔

اسلام آباد کی جانب سے شاداب خان نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سلمان ارشاد نے 3، عماد وسیم نے 2 جبکہ سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس فتح کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے12 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی۔ وہ اب پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ کراچی کنگز 12 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں نے اب تک 10، 10 میچز کھیل لیے ہیں جن میں کراچی اور اسلام آباد دونوں نے 6، 6 میچز جیتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں