بھارت کی مشہور نشریاتی کمپنی زی انٹرٹینمنٹ نے فٹبال ورلڈکپ 2026 کے نشریاتی حقوق خرید لیے

بھارت کی معروف نشریاتی کمپنی زی انٹرٹینمنٹ نے عالمی فٹبال تنظیم فیفا کے ساتھ نشریاتی حقوق کا معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت کمپنی بھارت میں 2026 اور 2030 کے فٹبال عالمی کپ سمیت متعدد عالمی مقابلوں کی نشریات نشر کرے گی۔

الجزیرہ کے مطابق، پیر کو طے پانے والے اس معاہدے کے مالی معاملات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم اطلاعات کے مطابق فیفا ابتدا میں 2026 اور 2030 کے عالمی کپ کے نشریاتی حقوق کے لیے تقریباً 10 کروڑ ڈالر کا مطالبہ کر رہا تھا، جسے بعد میں کم کر کے 6 کروڑ ڈالر کر دیا گیا ۔

اس معاہدے کے تحت زی انٹرٹینمنٹ آئندہ آٹھ برسوں کے دوران 2034 تک فیفا کے 39 بڑے مقابلوں کی نشریات نشر کرے گی۔ ان میں 2027 کا خواتین کا عالمی کپ بھی شامل ہے۔

معاہدے کے اعلان کے بعد کمپنی کے حصص کی قیمت میں تقریباً 7 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ یہ معاہدہ ایسے وقت میں طے پایا ہے جب 2026 کا فٹبال عالمی کپ شروع ہونے میں چند دن باقی ہیں۔ یہ ایونٹ 11 جون سے امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔
فٹبال ماہرین کے مطابق بھارتی نشریاتی اداروں کی جانب سے عالمی کپ کے نشریاتی حقوق خریدنے میں ہچکچاہٹ کی ایک بڑی وجہ میچوں کے اوقات تھے۔ چونکہ میزبان ممالک اور بھارت کے درمیان وقت کا فرق 10 سے 12 گھنٹے تک ہے، اس لیے زیادہ تر میچ بھارتی ناظرین کے لیے رات گئے یا آدھی رات کے بعد شروع ہوں گے۔

104 میچوں پر مشتمل اس عالمی کپ میں صرف 14 مقابلے ایسے ہوں گے جو بھارت میں آدھی رات سے پہلے شروع ہوں گے۔ اسی طرح فائنل مقابلہ 19 جولائی کو امریکی ریاست نیو جرسی میں کھیلا جائے گا، جو بھارتی وقت کے مطابق 20 جولائی کی رات ساڑھے بارہ بجے شروع ہوگا۔

علاوہ ازیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں روایتی ٹیلی وژن کے مقابلے میں ڈیجیٹل ذرائع زیادہ آمدنی پیدا کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے عالمی کپ کے نشریاتی حقوق کے حصول میں دلچسپی محدود رہی۔

اپنا تبصرہ لکھیں