بھارت میں مسافر اور مال گاڑی میں خوفناک تصادم، 11 افراد ہلاک، متعدد زخمی

بھارت کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک افسوسناک حادثے میں مسافر ٹرین اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ منگل کی دوپہر شہر بلہاسپور کے قریب پیش آیا، جو ریاست کے دارالحکومت رائے پور سے تقریباً 115 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، مقامی مسافر ٹرین پیچھے سے ایک مال گاڑی سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں مسافر کوچز میں سے ایک ڈبہ مال گاڑی کے ڈبے کے اوپر چڑھ گیا۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد حادثے میں پھنسی بوگی کو زمین پر لایا گیا اور آہنی کٹرز کی مدد سے کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا۔

حکام کے مطابق، حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں مسافر ٹرین کا ڈرائیور بھی شامل ہے، جب کہ اس کی خاتون معاون شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔ دیگر زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ریلوے حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جب کہ ہلاک شدگان کے اہل خانہ اور زخمیوں کے لیے مالی امداد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ وشنو دیو سائی نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں