پاکستان کے وزیر دفاع، خواجہ آصف نے تمام مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ، وہ اسرائیل کے خلاف متحد ہو جائیں، خبردار کرتے ہوئے کہا کہ، اگر آج مسلم دنیا متحد نہ ہوئی تو سب کی باری آ جائے گی۔ انہوں نے یہ بات اسپیکر قومی اسمبلی، ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ، اس وقت ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ جاری ہے، اور گزشتہ دن اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا، جس میں ایران کی فوجی تنصیبات اور فوجی قیادت کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ، اس ساری صورتحال میں اسرائیل اکیلا نہیں ہے۔
انہوں نے ایران کو پاکستان کا پڑوسی ملک قرار دیا جس کے ساتھ صدیوں پرانے تعلقات ہیں، اور کہا کہ، ایران کے ساتھ ہمارا تاریخی رشتہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ، آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان ہر طریقے سے ایران کے ساتھ ہے اور ایرانی مفادات کے تحفظ کی حفاظت کرے گا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ، ایرانی ہمارے بھائی ہیں، ان کا دکھ درد اور غم مشترک ہے، اور اسرائیل نے یمن، ایران اور فلسطین کو نشانہ بنایا ہوا ہے۔
انہوں نے عالم اسلام کے اتحاد کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ، اگر آج مسلم دنیا متحد نہ ہوئی اور خاموش رہی تو سب کی باری آ جائے گی۔
وزیر دفاع نے او آئی سی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ، تمام مسلم ممالک متحد ہوکر اسرائیل کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ، فلسطین میں بچے شہید ہو رہے ہیں لیکن اسلامی ممالک خاموش ہیں۔اسرائیل کے خلاف دنیا میں مضبوط آواز اٹھ رہی ہے، مغربی دنیا کی غیر مسلم عوام اسرائیل کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں، غیر مسلموں کے ضمیر جاگ رہے ہیں لیکن مسلمانوں کے نہیں۔
خواجہ آصف نے پاکستان کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ، پاکستان روز اول سے مضبوطی سے کھڑا ہے، اس نے اسرائیل کو نہ تسلیم کیا اور نہ ہی اس کے ساتھ تعلقات بنائے۔ انہوں نے پچھلے چند سالوں میں کچھ پاکستانی نژاد افراد کے اسرائیل جانے کا ذکر کیا لیکن اس کی تفصیلات میں نہیں گئے کہ، وہ کس طرح گئے اور کس نے معاونت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ، عالم اسلام کا اتحاد اس وقت نظر آنا چاہیے۔ انہوں نے کچھ مسلم ممالک کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ، اسلامی دنیا میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع ہونے چاہئیں۔ اسرائیل کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اس ہاتھ کو جھٹک دینا چاہیے، اور مسلم ممالک کو مل کر ایسی حکمت عملی بنانی چاہیے جس سے اسرائیل کا مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے بھارت کے خلاف اپنی افواج کی کامیابی کا بھی ذکر کیا، کہا کہ بھارت نے ہم پر حملہ کیا جس کی اسے بہت بھاری قیمت ادا کرنی پڑی، بھارت کے اندر حکمران تذلیل کا شکار ہوئے، بھارت کا دنیا کے سامنے طلسم بھی مسمار ہوا، اور ہماری افواج کی مضبوطی اور عوام کے عزم نے یہ ممکن بنایا کہ، ہم نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو مٹی میں رول دیا۔
آخر میں، وزیر دفاع نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو بھارت کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ، بی ایل اے والے بھارت کی جنگ لڑ رہے ہیں، اور اگر کوئی بی ایل اے کا ہمدرد ہے تو وہ ملک کا غدار ہے۔