امداد کی تقسیم کا جائزہ، امریکی سفیر آج غزہ کا دورہ کریں گے

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری، کیرولین لیویٹ نے تصدیق کی ہے کہ، امریکہ کے خصوصی ایلچی، سٹیو وٹکوف جمعے کو غزہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ خوراک کی تقسیم کے مراکز کا جائزہ لیں گے اور امدادی سرگرمیوں کی صورتحال کا مشاہدہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر، مائیک ہکابی بھی ہوں گے۔

کیرولین لیویٹ نے کہا کہ، دورے کا مقصد غزہ میں انسانی بنیادوں پر دی جانے والی امداد کو محفوظ طریقے سے تقسیم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینا ہے اور مقامی فلسطینیوں سے ملاقاتوں کے ذریعے زمینی حالات کی درست معلومات حاصل کرنا ہے۔

ان کے بقول، وٹکوف نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ بھی ایک نتیجہ خیز ملاقات کی ہے۔

غزہ میں جاری شدید انسانی بحران کے دوران تازہ اعداد و شمار کے مطابق، جمعرات سے قبل 24 گھنٹوں کے اندر 111 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے 91 افراد امداد کی تلاش کے دوران اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

غزہ کے شمال میں واقع زکم کراسنگ پر بدھ کے روز خوراک کے انتظار میں کھڑے فلسطینیوں پر پیش آنے والے واقعے میں 50 سے زائد افراد ہلاک اور 400 سے زائد زخمی ہوئے۔ عینی شاہدین اور حماس کے زیرِ انتظام سول ڈیفنس کے مطابق، اسرائیلی فوج نے امدادی ٹرکوں کے گرد جمع لوگوں پر براہ راست فائرنگ کی۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ، زخمیوں کو الشفا ہسپتال لے جایا جا رہا ہے۔ تاہم، اسرائیلی فوج کا مؤقف ہے کہ، اس نے صرف وارننگ شاٹس فائر کیے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع ان کے پاس نہیں ہے۔

الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر محمد ابو سالمیہ نے بتایا کہ، بدھ کے روز پیش آئے واقعے کے بعد ہسپتال میں 54 ہلاک شدگان کی لاشیں اور 412 زخمیوں کو لایا گیا۔

غزہ میں خوراک کی شدید قلت کا عالم یہ ہے کہ، جمعرات کے روز وزارت صحت کے مطابق، مزید دو افراد خوراک نہ ملنے کے باعث دم توڑ گئے، جس کے بعد جنگ کے آغاز سے اب تک غذائی قلت سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 159 ہو چکی ہے، جن میں 90 بچے بھی شامل ہیں۔

اس صورت حال کے پیش نظر اسرائیلی حکام نے عندیہ دیا ہے کہ، اگر جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو حماس کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ، ان اقدامات میں غزہ کے بعض حصوں کو اسرائیلی کنٹرول میں لینے کی تجویز بھی شامل ہو سکتی ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ، غزہ میں انسانی بحران کا فوری حل یہ ہے کہ، حماس ہتھیار ڈال دے اور تمام یرغمالیوں کو رہا کرے۔

اپنا تبصرہ لکھیں