پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 300 وکٹیں مکمل کر لی ہیں۔ وہ یہ سنگِ میل عبور کرنے والے دنیا کے 39 ویں اور پاکستان کے 9 ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔
حسن علی اس وقت انگلینڈ کی کاؤنٹی ٹیم برمنگھم بیئرز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور 2025 کے جاری مینر ویٹیلٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ میں اپنی کارکردگی سے شائقین کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ صرف 212 میچز میں سرانجام دیا۔
پاکستانی بولرز میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی وکٹیں لینے کا اعزاز وہاب ریاض کو حاصل ہے جنہوں نے 413 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فہرست میں سہیل تنویر 389، محمد عامر 384، عماد وسیم 365، شاہد آفریدی 347، شاداب خان 345، حارث رؤف 321، شاہین شاہ آفریدی 310 اور اب حسن علی 301 وکٹوں کے ساتھ شامل ہو گئے ہیں۔
عالمی سطح پر افغانستان کے راشد خان ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ 643 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
ویٹیلٹی بلاسٹ 2025 میں حسن علی اب تک 6 میچز کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 17.33 کی اوسط اور 9.38 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 12 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
برمنگھم بیئرز کا اگلا مقابلہ اتوار کو لیسٹرشائر کے خلاف ہوگا۔ بیئرز اس وقت نارتھ گروپ میں چار کامیابیوں اور چار ناکامیوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے اور ٹیم کے 16 پوائنٹس ہیں۔