بیلاروس کے وزیر خارجہ ایک اعلیٰ سطحی 68 رکنی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر وفد کا استقبال وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیا۔
وفد میں بیلاروس کے مختلف شعبوں کے اہم وزرا شامل ہیں، جن میں خارجہ، توانائی، صنعت، مواصلات، قدرتی وسائل، اور ہنگامی حالات کے وزرا کے علاوہ چیئرمین ملٹری انڈسٹری کمیٹی بھی موجود ہیں۔ مزید برآں، 43 بڑی کاروباری شخصیات بھی اس وفد کا حصہ ہیں، جو پاکستان کے ساتھ تجارتی مواقع کو تلاش کرنے کے لیے آئی ہیں۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے وفد کو خوش آمدید کہتا ہے۔ انہوں نے اس دورے کو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کل اپنے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، جو صنعت، تجارت اور دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کا سبب بنے گا۔